قصور؛چونیاں کے گاﺅں میں خواجہ سراﺅں کے روحانی پیشوا کے سالانہ عرس کی تقریبات پولیس کی سخت سکیورٹی میں جاری

77

قصور،29 اکتوبر( اے پی پی ): چونیاں کے نواحی گاﺅں بہڑوال بابامست میں خواجہ سراﺅں کے روحانی پیشوا بابا عبدالعزیزشاہ المعروف بابا مست شاہ بہڑوال کے سالانہ عرس کی تقریبات قصور پولیس کی سخت سکیورٹی میں جاری ہیں۔

اے پی پی نیوزقصور سروے کے مطابق بابامست شاہ بہڑوال کا سالانہ عرس کابڑا مقبول و معروف میلہ ہوتاہے یہاں پر پورے پاکستان سے ٹرانسجینڈرکمیونٹی کثیرتعدادمیں دربارپرسلام کرنے اوراپنی منتیں مانگنے آتی ہے ۔

عرس مبارک پر قصورپولیس کوٹرانسجینڈرکمیونٹی کے حوالے سے اکثر شکایات ملتی تھیں کہ عرس کے موقع پر ٹرانسجینڈرکمیونٹی کے ساتھ نارواسلوک اورچھیڑ خانی کرکے پریشان کیاجاتاہے جس کی وجہ سے ٹرانسجینڈرکمیونٹی کو بڑی مشکلات کا سامنا کرناپڑتاہے۔

اس مرتبہ آئی جی پنجاب کے وژن اورڈی پی اوقصورطار ق عزیزسندھوکی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بابامست شاہ بہڑوال کے سالانہ عرس کے موقع پر پولیس کی طرف سے فول پروف سخت سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

 بابامست شاہ بہڑوال کے سالانہ عرس کے موقع پرپنجاب پولیس کی طرف سے فول پروف سخت سکیورٹی دینے پر ٹرانسجینڈرکمیونٹی نے آئی جی پنجاب اور ڈی پی اوقصور کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔