ملتان؛ حکومت پنجاب نے واسا کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھرپور فنڈز فراہم کئے ہیں ، ڈپٹی کمشنر

8

ملتان، 01 نومبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ شہر اولیاءمیں سیوریج مسائل کے حل اور پینے کے صاف فراہمی کیلئے واسا کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے واسا کو بھرپور فنڈز فراہم کئے ہیں، واسا شہر اپنے منصوبے  مکمل کرکے کھودی گئی شاہراوں کو فوری بحال کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وسا ہیڈ آفس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو واسا کے ترقیاتی منصوبوں اور سیوریج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری دانش نے واسا ریکوری اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ جون 2024 کے مون سون سے قبل واسا کی نئی مشینری سسٹم میں آجائے گی جبکہ پرانی سیوریج لائنوں کو مرحلہ وار تبدیل کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چونگی نمبر 9 کے ڈسپوزل سٹیشن کو ماحولیاتی آلودگی روکنے کیلئے اپ گریڈ کیا جارہا ہے جبکہ نواب پور روڈ کی سیوریج لائن مکمل کرکے روڈکو بھی جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

اس موقع پر ایم ڈی واسا چوہدری دانش نے بتایا کہ بلوں کی ریکوری بہتر کرکے واسا اپنے اخراجات کو پورا کرنے کی کوشش کررہا ہے جبکہ کمرشل اور نان کمرشل عمارات و کالونیوں سے ریکوری کیلئے جامع پلان تشکیل دیا گیا ہے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے واسا ہیڈ آفس کی مختلف برانچز کا دورہ کیا اور بریفنگ لی۔