میر پور خاص ،یکم نومبر ( اے پی پی ):کسانوں اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے زرعی شعبے میں جدید طرز پر استوار منصوبوں کی تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی زرعی کاشت بڑھا کر نہ صرف خوشحال ہو سکیں بلکہ زرعی شعبے میں انقلاب لا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے کمشنرآفس کمیٹی ہال میں میرپورخاص ڈویژن میں عام لوگوں کے لیے زرعی منصوبوں کا آغاز کرنے اور زرعی شعبے میں ترقی لانے کے متعلق مینیجنگ کمیٹی کے ممبران سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ اور ضلع انتظامیہ میرپورخاص کی ہر ممکن کوشش ہے میرپورخاص جو کہ زرعی اعتبار سے بھی ذرخیز علاقہ ہے یہاں پر جدید طرز پر استوار زرعی شعبوں پر مشتمل منصوبوں کا آغاز کر کے زراعت کو مزید فروغ دیا جائے جس سے نہ صرف زرعی شعبے میں انقلاب آ سکے گا بلکہ یہاں عام لوگوں کے لیے سیر و تفریح کے مواقع بھی میسر آ سکیں گے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان ، وڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ولی محمد بلوچ ، سندھ زرعی یونیورسٹی کے نمائندہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد مری ، ڈائریکٹر سندھ ہارٹیکلچر ریسرچ میرپورخاص، ڈائریکٹر نارا کئنال، ایکسین پبلک ہیلتھ اسرار احمد رند، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن ، سندھ آبادگار بورڈ کے حاجی محمد عمر بگھیو، زاہد بھرگڑی جنرل سیکریٹری سندھ چیمبر آف ایگریکلچر ، نواب عبدالستار ممبر آبادگار بورڈ ، خادم حسین بھرانی ڈویڑنل صدر سندھ چیمبر آٰف ایگریکلچر ، سید علی احمد شاہ صدر ضلع عمرکوٹ ، اور ضلع تھرپارکر اور عمرکوٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں میرپورخاص ڈویڑن میں زرعی منصوبوں کا آغاز کرنے کے لیے درپیش مسائل جس میں معیاری اور رجسٹر ڈکمپنیوں کی زرعی کھاد کی فروخت کو یقینی بنانے ، معیاری زرعی بیج اور ادویات چیک کرنے کے لیے لیبارٹری کو فعال بنانے ، سندھ ہارٹیکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ میرپورخاص میں مختلف اجناس سے تیار کرنے والی جوس لیبارٹری کو فعال بنانے ، زراعت کے لیے پانی کی فراہمی ، کھارے پانی سے زرعی اجناس متعارف کروانے اور پیداوار بڑھانے کے متعلق تفصیلی غور کیا گیا ۔











