یونیورسٹیز پنجاب حکومت کی ریکروٹمنٹ پالیسی پر سختی سے عمل کریں؛ صوبائی وزیر منصور قادر

60

لاہور،3  نومبر(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے کہا ہے کہ تمام یونیورسٹیاں پنجاب حکومت کی نئی ریکروٹمنٹ پالیسی پر سختی سے عمل کریں، یونیورسٹیوں کے انتظامی اور تدریسی معاملات میں بدعنوانیاں قطعاً برداشت نہیں کی جائیں گی، یونیورسٹیوں میں خلاف ضابطہ سرگرمیوں میں ملوث عملے کے خلاف انکوائریز اہل اور دیانتدار افسران کے ذمہ لگائی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو  یہاں ایس اینڈ اینڈ جی اے ڈی کے کمیٹی روم میں منعقدہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کے 18 ویں سنڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی، پروفیسر محمد اشرف، نعمان مقبول راؤ، کرامت خان، شاہد امتیاز، نوید حیدر شیرازی اور میاں عبدالقادر شاہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ کی بھی منظوری بھی دی گئی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بعض یونیورسٹیوں میں داخلوں کی شرح میں کمی کے معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غربت کی وجہ سے یونیورسٹی میں داخلہ نہ کرنے والے طلبہ کی مخیر حضرات مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں مستحق طلباء کی فیس ادائیگی میں معاونت کے لیے فنڈ قائم کریں۔