فیصل آباد ، 04 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہا کہ بعض خود غرض،مفاد پرست و شیطان صفت عناصر ملک کے بارے میں منفی خبریں پھیلا رہے ہیں جبکہ ملک کے حوالے سے منفی اطلاعات پھیلانا شیطانی عمل ہے کیونکہ ان میں کوئی حقیقت نہیں اور وہ شیطان ہی ہے جو آنےوالے کل سے انسان کو ڈرانا چاہتا ہے لیکن اس کے برعکس اللہ تعالی کی ذات یقین کو پختہ کرتی ہے لہٰذا یہی وہ یقین کامل اور عزم مصمم ہے جس کی وجہ سے دین کا چراغ قیامت تک جلتا رہے گا۔وہ ہفتہ کے روزسیرت انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسر چ سنٹرفیصل آبادکے زیر اہتمام کینال روڈ پرمنعقدہ سیرت کانفرنس وتکمیل حفظ قرآن کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر سی ای اووبانی سیرت انسٹیٹیوٹ مفتی مصطفی عزیز،اساتذہ کرام، سینئرنائب صدرفیصل آباد چیمبر آف کامرس ڈاکٹر سجادارشد،نائب صدرچیمبرمحمد اسلم بھلی،والدین وطلباسمیت دیگرشخصیات بھی موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کفر ملت واحد ہوسکتا ہے تو ہم مسلمان کیوں اکٹھے نہیں ہوسکتے،اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں کیسا دیکھنا چاہتے ہیں،علما کرام کواور ایک تاجر کو اللہ کیسا دیکھنا چاہتا ہے یہ سب ہماری تعلیمات اسلامی کا حصہ اور ہمارے مذہب کا محور ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر کار خیر میں اپنی اپنی استطاعت کے مطابق بڑھ چڑھ کر مدد کرنی چاہئے قطع نظر اس کے کہ وہ کس مسلک سے تعلق رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی شخص کار خیر کا کام کرتا ہے اس کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے کیونکہ اجر دینے والی اللہ کی ذات ہے۔وزیر مذہبی امور نے کہا کہ تفیہم دین بہت ضروری ہے جس کیلئے سیرت النبیؐ کاجاننا ہر مسلمان کیلئے لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نبیؐ کا مرتبہ بہت بلند ہے اس لئے میرااور آپ کا اپنے آپ کو جاننا اتنا ضروری نہیں جتنا رسول پاکؐ کی سیرت کو جاننا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ دیکھنا، سوچنا،سمجھنااور سیکھنا ہوگا کہ کائنات کو تسخیر کرنے کیلئے سیرت ؐ کیا کہتی ہے،دین کبھی پرانا نہیں ہوتا،قرآن پاک تاقیامت انسانی ذہن کی رہنمائی کرتا رہے گامگردینی اور دنیاوی زندگی کی کامیابی کیلئے قرآن کریم سے تعلق جوڑنا بہت ضروری ہے۔
انیق احمد نے کہا کہ دنیاکے تمام مسلم ممالک اوراو آئی سی کے ممبران حج کے موقع پر اکٹھے ہوں اور مسلم امہ کی بہتری اور اپنے اور اپنے بچوں کے آنیوالے مستقبل کیلئے پلاننگ کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ریسرچ کیلئے اپنے بچوں اور بچیوں کو وقف کرنا چاہیے۔انہوں نے شرکا ء مجلس پر زور دیا کہ آپ لوگ اپنے ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے کام کریں تاکہ آنےوالا کل ہمارے گزرے ہوئے کل سے روشن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کھلے دل سے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور مدد کرنی چاہیے کیونکہ یہی سیرت رسولﷺہے اور اس پر عملدرآمد سے ہی زندگی بہتر ہوسکتی ہے۔وزیر مذہبی امور نے کہا کہ رسول اللہ ؐ کا دین تمام ادیان پر غالب ہونے کیلئے آیا ہے اس لئے ہمیں اپنے حصہ کی شمع جلاتے ہوئے اپنے آپ کو سنت نبویؐ کے مطابق ڈھالنا ہوگا اور اگر ایسا ہوگیا تو دنیا کی کوئی طاقت معاشی، اقتصادی یادیگر کسی لحاظ سے ہمیں شکست نہیں دے سکے گی۔











