ساہیوال،08 نومبر (اے پی پی ): یوم اقبال کے حوالے سے مقامی سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کے درمیان علامہ اقبال کا پورٹریٹ بنانے کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق تھے ۔
ججزز کے فرائض معروف کیلی گرافر عبدالمتین اور فاطمہ حسین نے انجام دیے جنہوں نے عدن مصطفی، فاطمہ نور اور قربان فرید کے پورٹریٹس کو بالترتیب اول، دوم اور سوم قرار دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق نے کہا کہ اقبال کا پیغام نوجوانوں میں اپنے وطن اور معاشرے کی خدمت کا جذبہ اجاگر کرتا ہے اور انہوں نے نوجوانوں کو ہمیشہ خودی کی تعلیم دی جو ایک مسلم نوجوان کی منفرد پہچان ہے۔ انہوں نے پورٹریٹ بنانے والے تمام نوجوانوں کے کام کو سراہا اور انہیں اپنے فن میں مزید بہتری لانے کی تلقین کی۔
تقریب کے آخر میں شرکاء میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز وسیم اکرم جوئیہ اور الیاس اکبر سگھلہ اور ایڈمن آفیسر اقراء سونم بھی موجود تھے۔











