ٹنڈوآدم ،8 نومبر (اے پی پی): الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ضلع سانگھڑ کی جانب سے ٹنڈو آدم کے نجی شادی ہال میں ہندو برادری کی عید دیوالی کے موقع پر 160 مستحق خاندانوں میں خشک راشن اور وہیل چیئرز تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، جماعت اسلامی سانگھڑ، اڈیرو لال ویلفیئر کے رہنماؤں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر ہندو برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے انہیں خشک راشن اور معذور افراد کو ویل چیئرز فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں ہندو برادری کے لوگوں کا اہم کردار ہے، جماعت اسلامی ملک میں بسنے والے تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور ہم انہیں اپنے جسم کا حصہ سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر سراج الحق کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جڑانوالہ میں مسیحیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف متحد ہوئے اور مسیحیوں کی مالی مدد کی جبکہ ان کو اپنے گھروں اور مساجد میں پناہ بھی دی اور 500 بچوں کو کتابیں، اسکول بیگ اور راشن فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی نے حکم دیا ہے کے جماعت کے کارکنان مندروں، گرجا گھروں، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں جائیں اور ہر کسی کی مدد کریں۔
تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، اظہار احمد، عمار احمد، الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر سید توحید شاہ، اڈیرو لعل ویلفیئر ٹنڈو آدم کے چیئرمین راجکمار، شنکر لال، سنجے کمار مامنانی اور دیگر شہر کی باگڑی، سوچی، کولہی، مینگھواڑ برادریوں سمیت مختلف ہندو برادریوں کے مستحق افراد نے شرکت کی۔











