ساہیوال، 08 نومبر (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ سپیشل بچے ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انکے بغیر ہمارے خاندان اور ملک نامکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ سپیشل بچے خصوصی توجہ اور محنت سے معاشی اور معاشرتی زندگی کا فعال حصہ بن سکتے ہیں تاکہ وہ اپنے خاندان اور ملک کی ترقی کے لئے اپنا بھرپورکردار ادا کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سپیشل ایجوکیشن ساہیوال کے زیر اہتمام ڈویژنل سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سی ای او ایجوکیشن چوہدری اکرام،ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن سپیشل ایجوکیشن شہباز علی،ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ اینڈ اکاونٹس سعید خالد سندھو،ڈاکٹر عبدالکریم،پرنسپل نادیہ سعید،کوارڈینیٹر سپورٹس گالا عمران شیر،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر یاسمین اختر،اسسٹنٹ کوارڈینیٹر ہیڈ مسٹریس نبہیہ ضیاء اور اسسٹنٹ کوارڈینیٹر محمد اختر جوئیہ سمیت ڈویژن بھر کے سپیشل ایجوکیشن اداروں کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قوت گویائی،سماعت،جسمانی معذوری اور بصارت سے محروم بچوں نے مختلف کھیلوں جن میں رسہ کشی، 100میٹر ریس، کرکٹ، فٹ بال اور بیڈ منٹن کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ڈویژنل سطح کے مقابلوں میں اوورآل اوکاڑہ نے پہلی، پاکپتن نے دوسری اور ساہیوال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے شاندار پرفارمنس پر خصوصی بچوں اور ان کے اساتذہ کو شاباش دی اور اساتذہ اور والدین پر زور دیا کہ خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے مزیدمحنت کریں تاکہ انہیں معاشرے کا فعال اور بامقصد شہری بنایا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ ہیلتھ کی جانب سے دیے گئے معاون آلات بھی تقسیم کئے اورسپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔











