فیصل آباد، نومبر 08 (اے پی پی): سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد علی ضیاءنے تھانہ کوتوالی اور فیکٹری ایریا کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ تھانہ جات کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، پٹرولنگ کے نظام کو موثر بنایا جائے، تھانہ جات کی صفائی ستھرائی اور عوام کے تحفظات کا خیال رکھا جائے۔
انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور کم از کم وقت میں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ سی پی او نے سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن (SIPS) فرنٹ ڈیسک بلڈنگ کا بھی جائزہ لیا اور حوالات، اسلحہ خانہ اور مال خانہ کو چیک کیا،تھانہ جات کے علاقہ میں جرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا اور زیر تفتیش مقدمات کو جلد یکسو کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس افسران علاقہ میں جرائم کنڑول کرنے کیلئے متحرک ہوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات کیے جائیں، پٹرولنگ اور ناکہ جات کے نظام کو مزید بڑھایا جائے اور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے بہترین حکمت عملی اختیار کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تھانہ کے اندر عوامی خدمات میں کوئی کمی کوتاہی نہ کی جائے اورآنے والے سائلین کی بروقت دادرسی کی جائے ، تھانہ کے ماحول کو بہتر کریں اور آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ ان کے مسائل جلد حل کر یں اور تھانہ جات کے حوالاتیوں کیلئے موجود سہولیات کابھی خیال رکھیں۔











