ساہیوال؛اراضی ریکارڈ کا مشترکہ کھاتوں کی تقسیم کا منصوبہ ، ریونیو مسائل حل کرنے کا ایک اہم منصوبہ ہے، ڈپٹی کمشنر

28

ساہیوال،09نومبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے کہا ہے کہ محکمہ مال میں اراضی ریکارڈ کے مشترکہ کھاتوں کی تقسیم کا منصوبہ عوام کو ریونیو مسائل حل کرنے اور باہمی جھگڑوں سے نکالنے کا ایک اہم منصوبہ ہے اور اس پر عملدرآمد سے زمینوں سے جڑے مسائل بڑی حد تک حل ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہال میں منعقدہ آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کھاتوں سے بہت سے مسائل جنم لیتے ہیں جسکا نقصان عام آدمی کو اٹھانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کھاتوں کی تقسیم کے اس پروجیکٹ کی بدولت  ہر مالک کا کھیوٹ نمبر الگ ہو گا اور وہ اپنے ملکیتی زمین کا اکیلا مالک ہو گا۔

ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت نادرا، لینڈ ریکارڈ اور یوسی سسٹم کو ڈیجیٹیلائز کیا جائے گا جس کی بدولت وراثت کا انتقال خودبخود ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتقال کا طریقہ آسان بنایا جائے گا اور زمینوں کی اسٹام پیپر پر خریدوفروخت کو ختم کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے نمبرداروں پر زور دیا کہ وہ اراضی ریکارڈ کے مشترکہ کھاتوں کی تقسیم کے عمل کو آسان بنائیں اور اس منصوبے کے بارے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آگاہ کریں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ نے کہا کہ اشتراک کا قانون لایا جا رہا ہے تاکہ ایک ہی مالک کے تمام رقبے کو ایک جگہ اکٹھا کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تحت کسی اور موضع میں بغیر ٹیکس ادا کئے ایک جگہ زمین اکٹھی ہوگی اور انتقال تقسیم میں ٹیکسز بھی ختم کئے جا رہے ہیں، یہ سہولت منصوبے کے اختتام تک موجود رہے گی۔

سیمینار کےآخر میں فیلڈ ورک کے دوران پیش آنے والی مشکلات کو دور کرنے کے لئے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیئے گئے۔

سیمینار میں اے سی ساہیوال محمد عظمان چوہدری، اے سی چیچہ وطنی سردار مہتاب بلوچ، ایس این اے خرم سلیم، انجمن نمبرداران کے ضلعی صدر حاجی احسان الحق ادریس، ریونیو افسران، ضلع بھر کے نمبرداران، میڈیا پرسنز، پراپرٹی ڈیلرز، پراپرٹی ڈویلپرز اور سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔