تھر پارکر ،14 نومبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے محکمہ صحت اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع میں پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے مائیکرو پلان کے تحت اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے کیونکہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے اس لئے ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ اس بیماری سے بچاوکیلئے عوام میں آگاہی پیدا کریں تاکہ مستقبل کے نونہال اس موذی مرض سے محفوظ رہے سکیں۔
یہ ہدایات انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر آفیس تھرپارکر کانفرنس ہال میں پانچ روزہ قومی پولیو مہم جو کہ27 نومبر سے 01 دسمبر 2023 تک جاری مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کا کہنا تھا کہ27 نومبر سے 01 دسمبر 2023 تک جاری رہنے والی 5روزہ انسدادِ پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور تمام متعلقہ ادارے اس ضمن اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ مستقبل کے معماروں کو پولیو جیسی موذی مرض سے محفوظ رکھا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے باہمی روابط کو موثر بنایا جائے اور ٹیم ورک کو بہتر طریقے سے انجام دیا جائے تاکہ ایک مکمل منصوبے کے تحت تمام چیلنجز سے نمٹا جاسکے- ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے کہا کہ تمام مقامات کی سو فیصد کوریج حاصل کرنے کے لیے سنجیدگی کے ساتھ کام کیا جائے۔
اس موقع پر محکمہ صحت تھرپارکر کے افسران نے انسداد پولیو مہم کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 5سال تک کی عمر کے 307041 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس ضمن میں ٹوٹل 1156 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جس میں 1021 موبائل ٹیمیں، 71 فکسڈ پوائنٹ ٹیمیں اور 64 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ 220 ایریا انچارجز ، 75 یوسی ایم اوز اور 1065 لیڈی ہیلتھ ورکرز مہم کا حصہ ہونگی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو بھگوان داس، اے ڈی ایچ او تھرپارکر ڈاکٹر سجن راہموں ، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت محکمہ پولیس ، سوشل ویلفیئر، ڈبلیوایچ او کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











