لاہور،18نومبر (اے پی پی):نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے بچوں کو تفریح کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے شاندار پلان کے تحت لاہور چڑیا گھر اپ گریڈیشن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔ انہوں نے لاہور چڑیا گھر کا دورہ کیا اوراپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چڑیاگھر میں 100 نئے جانور لائے جائیں گے،ای ٹکٹنگ کانظام متعارف کرایا جائے گا اور ہولو گرام زو بھی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اپ گریڈیشن کے بعد لاہور زو میں فیملی پیکیج، سمر پیکیج او ردیگر پیکیجز متعارف کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پانڈا،دریائی گھوڑا،گینڈا،افریقن کبوتر،کالا جیگوار،پوما،چلتن مارخورسمیت دیگر جانوروں اورپرندوں کا چڑیا گھر میں اضافہ کیا جائے گا، اژدھا اورسانپ کی نئی اقسام بھی لاہورچڑیا گھر میں لائی جائیں گی۔
وزیر اعلی نے کہا کہ لاہو رچڑیا گھر میں ایکوریم میں 142اقسام کی سمندری حیات بھی رکھی جائیں گی، لاہور چڑیا گھر کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈ اور جدید ترین پنجرے بنائے جائیں گے اور دیگر سہولتوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے شیر ہاؤس، مونکی ہاؤس، زررافہ ہاؤس، وائرفال جھیل ، وائٹ ٹائیگر،ببر شیر اور دیگر جانوروں کے پنجروں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی کو زو میں نئے ریپٹائل ہاؤس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔زو ہولو گرام کے ذریعے جانوروں کی حقیقی موجودگی کا تاثر پیدا کیا جا سکے گا۔
وزیراعلی نے ہدایت کی کہ شیروں اور دوسرے جانوروں کی بہتر دیکھ بھال،بہتر ین علاج چڑیا گھر میں بیمار جانورں کے علاج معالجہ کیلئے بہترین ویٹرنری ڈاکٹرز بلائے جائیں اورشیروں کو رکھنے کے لئے وسیع ترجگہ مختص کی جائے۔ انہوں نے زو اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لئے فنڈ ز کے فوری اجرا کی ہدایت کی اور کہا کہ لاہور زو میں پہلے سے بہتر منفرد اور نایاب جانور لائے جائیں گے۔ وزیراعلی نے زو میں بہترین فوارے نصب کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ کو سیکرٹری والڈ لائف نے لاہور زو کے اپ گریڈیشن پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے لاہور چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ چڑیا گھر بچوں کی پسندیدہ جگہ ہے لیکن 20سال سے اسے نظر انداز کیا جاتا رہا، لاہور زو میں داخل ہوتے ہی گندگی نظر آتی ہے، بدبو آتی اور بہت بری حالت ہے، لیکن بچے پھر بھی آتے ہیں، ہر سیکٹر کے کام ہوتے ہیں لیکن بچوں کی تفریح کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا ہے۔
محسن نقوی نے کہاکہ صوبائی وزرا، سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کے ساتھ لاہور زو اور سفاری پارک کو اپ گریڈ کررہے ہیں، لاہور زو کی تزئین و آرائش و بحالی کا پراجیکٹ آج شروع کر دیا ہے جوجنوری کے اختتام تک مکمل ہوجائے گا۔ بچوں کے لئے خوشخبری ہے کہ 100قسم کے نئے جانور لائے جارہے ہیں جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ سفاری زو میں 4ہاتھی، ٹائیگرز اور مختلف کے پرندے بھی لائے جارہے ہیں۔ پانڈا کو زومیں لانے کے لئے چینی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ چین سے پانڈامنگوانے کے لئے وزیر اعظم سے بھی درخواست کی ہے، لاہور زو میں ہولوگرام زو، فوڈ کورٹس اورعالمی معیار کا ایکوریم بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زو میں صرف وہ جانور رکھے جائیں گے جو عالمی معیار کے مطابق ہم رکھ سکتے ہیں کیونکہ لاہور زو میں سوزی بھی تھی جو نظر انداز کرنے پر مر گئی، 4نئے ہاتھی سفاری پارک میں رکھیں گے، زواپ گریڈیشن کا ڈیزائن انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ جلو پارک اور چھانگا مانگا پارک کو اپ گریڈکرنے کیلئے فوکس کررہے ہیں، زو اپ گریڈیشن کے باعث بند ہے لیکن جنوری میں جب بچے آئیں گے تو زو کی دنیا الگ ہوگی اور نئے جانور بھی ہونگے۔ زو کی اپ گریڈیشن سنگا پور سفاری زو کی طرز پر کی جارہی ہے، بچوں کو گارنٹی دیتا ہوں کہ جنوری میں آئیں گے تو زو بہت بہترین حالت میں ملے گا، زو کی جگہ کم ہے اس کی توسیع کی تیاری کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کوئی جانور ہماری کوتاہی کی وجہ سے نہ مرے، لاہور زو کو 100فیصد ای ٹکٹنگ پر منتقل کررہے ہیں، ای ٹکٹ سستی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کو آن بورڈ کررہے ہیں تاکہ انٹرنیشنل سٹینڈرڈ پر سمجھوتہ نہ ہو، ہاتھیوں کو کھلی جگہ پر رکھیں گے،مارخور بھی لائیں گے، اچھی ٹیم رکھی جائے تو کام بہترین ہوتا ہے۔











