سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین سیف اللہ ابڑو کو تحریک عدم اعتماد کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا

126

 

اسلام آباد،28نومبر  (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین سیف اللہ ابڑو کو تحریک عدم اعتماد کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، اعظم نذیر تارڑ نئے چیئرمین منتخب ہو گئے۔ منگل کو ہونے والے اجلاس میں سینیٹ رولز کے تحت پیش کی گئی تحریک کو متفقہ حمایت حاصل ہوئی جس کے نتیجے میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف تحریک عدم اعتماد سینیٹرز کے اتحاد نے پیش کی جن میں بہرہ مند خان تنگی، منظور کاکڑ، ثناء جمالی، حافظ عبدالکریم اور دلاور خان شامل ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری حفیظ اللہ شیخ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیا گیا۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو کمیٹی کو ترقی اور کارکردگی کی راہ پر گامزن کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

 اجلاس میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ،  سیف اللہ ابڑو،  سیف اللہ خان نیازی،  حاجی ہدایت اللہ،  منظور احمد کاکڑ،  ثناء جمالی،  دلاور خان، محمد علی شاہ جاموٹ اور فدا محمد نے شرکت کی  ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ قیادت میں یہ تبدیلی کمیٹی کے لئے اہم پیش رفت ہے اور ملک میں توانائی سے متعلق اہم معاملات کو حل کرنے پر نئے سرے سے توجہ مرکوز کرنے کا اعادہ کرتی ہے۔