ننکانہ صاحب میں  سکھ یاتریوں کے اعزاز میں صوفی کلام و میوزک کی محفل کا انعقاد اندرون و بیرون ملک سے آئے سکھ یاتریوں کی شرکت

29

لاہور، 17 اپریل (اے پی پی): ننکانہ صاحب میں  سکھ یاتریوں کے اعزاز میں صوفی کلام و میوزک کی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں اندرون و بیرون ملک سے آئے سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور آرپی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے بھی خصوصی شرکت کی۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے اس موقع پر کہا کہ سکھ یاتریوں کو  بہترین سہولیات کی فراہمی اور فول پروف سیکورٹی فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔  انھوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سکھ یاتریوں کیلیے انتظامات کو بھرپور انداز میں کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ صوفی کلام و میوزک پروگرام  کا مقصد دنیا بھر میں امن اور محبت کا پیغام دینا ہے۔  لوک فنکاروں نے تقریب میں بابا بلھے شاہ،پیر وارث شاہ ،میاں محمد بخش اور بابا فرید شکرگنج ودیگر صوفیا کرام کا صوفیانہ کلام پیش  کیا۔ صوفیانہ کلام پر  سکھ یاتریوں نے بھنگڑے بھی ڈالے ۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ سکھ یاتری آج ننکانہ صاحب سے دیگر شہروں میں اپنے مقدس مقامات کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ کمشنرلاہور محمد علی رندھاوا نے جنم استھان بابا گرونانک دیو جی پر بھی حاضری دی۔ ڈی سی ننکانہ محمد ارشد چودھری ۔ڈی سی شیخوپورہ ڈاکٹر وقار خان ۔ڈی پی او ننکانہ اور تمام افسران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔