گورنر پنجاب کا حافظ آباد کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کی دادرسی اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ

19

لاہور، 24 جولائی(اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے چکوال اور جہلم کے بعد حافظ آباد کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہیں ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور پولیس افسران نے متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور نقصانات کا خود جائزہ لیا۔ انہوں نے ریسکیو، میڈیکل اور خوراک کے اسٹالز کا معائنہ بھی کیا اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ اور ضلعی قیادت بھی ان کے ہمراہ موجود تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے تمام افسران اور مشینری پنجاب میں آنے والے سیلاب پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کا مکمل سدباب ممکن نہیں، تاہم ان کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صدر مملکت اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر سیلاب زدہ عوام کی مدد اولین ترجیح ہے۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور ضلعی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب متاثرین کو تنہا نہ چھوڑیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گورنر آفس کی جانب سے مالی امداد اور بحالی کے کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔