لاہور، 24 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی (پی ہوٹا) کی مانیٹرنگ اتھارٹی کا 35 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں اعضاء کی پیوندکاری سے متعلق اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں مختلف سرکاری و نجی ہسپتالوں کو گردے، جگر اور قرنیہ کی ٹرانسپلانٹیشن کے لیے رجسٹریشن کی منظوری دی گئی۔ بیگم اختر رخسانہ میموریل ٹرسٹ آرچرڈ ہسپتال کی لیور ٹرانسپلانٹیشن، جبکہ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال، انڈیپنڈنٹ یونیورسٹی ہسپتال فیصل آباد، اور مدینہ ٹیچنگ ہسپتال فیصل آباد کی قرنیہ ٹرانسپلانٹیشن کے لیے تین سالہ رجسٹریشن رینیول کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح، سٹی ہسپتال ملتان، پی کے ایل آئی، نیشنل ہسپتال لاہور اور عادل ہسپتال لاہور کی رینل (گردے) ٹرانسپلانٹیشن کی رجسٹریشن رینیول بھی منظور کر لی گئی۔ اجلاس میں پی ہوٹا کے مالی سال 2024-25 کے نظرثانی شدہ بجٹ اور 2025-26 کے بجٹ تخمینے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ہیومن آرگن اینڈ ٹشو ٹرانسپلانٹیشن پر پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کی منظوری بھی دی گئی۔ اہم پیش رفت کے طور پر پنجاب میں بون بینکنگ اور پینکریاز ٹرانسپلانٹیشن کی منظوری دی گئی، جبکہ بچوں میں گردوں کی پیوندکاری کے لیے ایک خصوصی کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پی ہوٹا کی فعالیت اور استعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔











