لاہور، 20 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمن ادارے ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی جرمن پیڈریاٹرک آنکالوجسٹ اور نیورو آنکالوجسٹ، ڈائریکٹر ڈاکٹر اسٹیفن مائیکل نے کی۔ وفد میں ہیڈلبرگ یونیورسٹی اسپتال، جرمن کینسر ریسرچ سینٹر (DKFZ) اور ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر (KiTZ) کے ماہرین شامل تھے۔
اجلاس میں بچوں کے کینسر کے علاج میں جرمن اداروں کی معاونت پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ ڈاکٹر اسٹیفن مائیکل نے پنجاب میں کینسر کے مریضوں کے علاج کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کم وسائل کے باوجود چلڈرن ہسپتال اور کینسر ہسپتال میں بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ابلیشن کینسر ٹریٹمنٹ متعارف کرانے والا خطے کا پہلا صوبہ ہے۔ لاہور میں پنجاب کا سب سے بڑا اور جدید نواز شریف کینسر ہسپتال تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں کینسر کے علاج کے لیے ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر کی معاونت کو سراہا جائے گا اور پیڈریاٹرک آنکالوجی کے لیے جرمنی کی جدید ٹیکنالوجی کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جرمن اداروں کے ساتھ مشترکہ تربیتی پروگرامز اور علوم کے تبادلے سے خاطر خواہ نتائج سامنے آئیں گے اور مریضوں کو مزید معیاری علاج میسر آئے گا۔
پارلیمانی لیڈر ہیڈلبرگ سٹی کونسل وسیم بٹ نے کہا کہ لاہور اور ہیڈلبرگ کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ہیڈلبرگ کے لارڈ میئر پروفیسر ڈاکٹر ایکارٹ ورزنر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور ہیڈلبرگ میں باہمی تعاون دونوں شہروں کے عوام کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
ڈاکٹر اسٹیفن مائیکل نے کہا کہ پنجاب میں بچوں کے کینسر کے علاج کا معیار قابلِ تحسین ہے اور جرمن و پاکستانی اداروں کے اشتراک سے ٹریننگ اور ریسرچ میں مزید مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر پاکستان میں آغا خان یونیورسٹی کے ساتھ بھی کینسر کے علاج کے لیے اشتراک کر رہا ہے۔











