لودھراں۔13اکتوبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لودھراں ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فرحان سعید سمیت محکمہ صحت کے افسران و عملہ شریک تھا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے اور ان کی فنگر مارکنگ بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر قومی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے قطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کا واحد ذریعہ ہیں، والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر حال میں پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں قومی انسدادِ پولیو مہم 13 تا 16 اکتوبر جاری رہے گی، جس کے دوران 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہ سکے۔











