ملتان ،13اکتوبر(اے پی پی):ضلع ملتان میں تین روزہ قومی پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ مہم کے پہلے روز تین لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے میں مصروف ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے شہر کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا اور فیلڈ میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بچوں کو اپنے ہاتھوں سے پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ضلعی انتظامیہ اس قومی مشن کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ضلع کا کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔وسیم حامد سندھو نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلائیں، تاکہ ملک کو پولیو جیسی موذی بیماری سے ہمیشہ کے لیے پاک کیا جا سکے۔











