لاہور؛ 24 جنوری (اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صحت، تعلیم، فلڈ میٹیگیشن، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں ڈائریکٹر اے ایف آر جیانگ فینگ ژانگ، کنٹری ڈائریکٹر ایما فین، پروگرام آفیسر خیام سہیل عباسی اور نسانکا سالگاڈو شامل تھے۔
مریم اورنگزیب نے وفد کو آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، ڈیٹا پر مبنی منصوبہ بندی اور مؤثر گورننس کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بار وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ’’پنجاب ون میپ‘‘ تیار کیا گیا ہے، جس میں زمین اور زیرِ زمین تمام فزیکل اثاثوں کا جامع ڈیجیٹل ڈیٹا موجود ہے، جس سے تمام شعبوں میں درست منصوبہ بندی اور مینجمنٹ میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہیں، اسی وژن کے تحت جدید میڈیکل ڈسٹرکٹ، کیتھ لیبز، سیف سٹی منصوبے کی جون تک 36 اضلاع میں تکمیل، ایک لاکھ ساٹھ ہزار گھروں کی فراہمی اور ای موبیلیٹی ٹرانسپورٹ جیسے میٹرو، ای بسز اور ای بائیکس کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی ملٹی سیکٹورل ایئر کوالٹی، کلائمیٹ ایکشن پلان، فلڈ مینجمنٹ اور کلائمیٹ ریزیلینس پر مؤثر عملدرآمد جاری ہے۔
ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زراعت، ڈیجیٹل گورننس اور دیگر شعبوں میں اصلاحات و ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے زراعت، ویلیو ایڈیشن، زرعی ایکسپورٹ کموڈیٹیز اور فشریز میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کی آمد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔











