وزیراعلیٰ پنجاب کے “ستھرا پنجاب” ویژن کے تحت لاہور بھر میں صفائی مہم جاری، بسنت کے دوران بھی آپریشن بلا تعطل برقرار

123

لاہور: 07 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کے “ستھرا پنجاب” ویژن کے تحت صوبائی دارالحکومت لاہور میں صفائی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر بسنت کے پہلے دو روز کے دوران بھی صفائی کا عملہ متحرک رہا اور شہر بھر میں زیرو ویسٹ یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیمیں فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں جبکہ ضلع لاہور کی تمام تحصیلوں اور زونز میں صفائی آپریشن بلا تعطل جاری رکھا گیا ہے۔ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے چھٹی کے دنوں میں بھی صفائی سروسز معمول کے مطابق جاری رکھی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی انتظامات کی خود نگرانی کریں اور ہر علاقے میں زیرو ویسٹ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی اپنی تحصیلوں میں صفائی کی صورتحال بہتر رکھنے کیلئے خصوصی ٹاسک سونپے گئے ہیں۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ بسنت جیسے بڑے تہوار کے موقع پر بھی ضلعی انتظامیہ اور صفائی عملہ شہریوں کو صاف ماحول کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی فیلڈ میں موجودگی سے صفائی کی مجموعی صورتحال میں واضح بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ذمہ داری کا ثبوت دیں، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر پھینکیں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ لاہور کو صاف اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔