کولمبو ،17 فروری ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں محسن نقوی نے پاکستانی شہریوں کو درپیش ویزہ مشکلات سے آگاہ کیا جس پر سری لنکن صدر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کو متعلقہ لسٹوں سے نکالنے کی ہدایت جاری کی۔ صدر ڈسانائیکے نے کہا کہ سری لنکا کی وزیراعظم کو جلد پاکستان کے دورے پر بھیجا جائے گا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ تربیت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے پاک-سری لنکا تعلقات کے فروغ میں سری لنکن صدر کے کردار کو سراہا اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت بھی پہنچائی۔
محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے شاندار انتظامات اور پاکستانی وفد کی میزبانی پر سری لنکن صدر کا شکریہ ادا کیا۔ سری لنکن صدر نے کولمبو میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے خیرسگالی کے جذبے کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین اور پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز بھی موجود تھے۔











