کمشنر عامر کریم خاں کی کوشش سے 77 خصوصی بچوں میں 90 ہیرنگ ایڈز تقسیم، سماعت سے محروم بچوں میں زندگی کی نئی لہر   

16

ملتان، 26مارچ (اے پی پی):شجاع آباد کے سرکاری سپیشل ایجوکیشن سکول میں سماعت سے محروم بچوں کے لیے ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے 77 خصوصی بچوں میں 90 ہیرنگ ایڈز تقسیم کیے۔

ڈویژنل انتظامیہ کی کاوشوں اور ایم ڈی پارکو ارتضی علی قریشی کے تعاون سے فراہم کیے گئے ہیرنگ ایڈز نے بچوں کی زندگی میں نئی روشنی بھر دی۔ ہیرنگ ایڈ لگتے ہی جب بچوں نے پہلی بار آوازوں کو محسوس کیا تو سکول کا ماحول جذباتی مناظر سے بھر گیا، والدین کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو اور بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں اس اقدام کی کامیابی کا واضح ثبوت تھیں۔

کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر بتایا کہ ڈویژن بھر میں سپیشل ایجوکیشن اداروں میں زیر تعلیم بچوں کا جامع میڈیکل سروے مکمل کیا گیا جس کے دوران 3030 بچوں کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 460 بچوں میں سماعت کی بحالی کی امید سامنے آئی۔انہوں نے کہا کہ ہیرنگ ایڈز کے ذریعے یہ بچے نہ صرف سننے بلکہ بولنے کی صلاحیت بھی حاصل کر سکتے ہیں، جو ان کی زندگی میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ مخیر حضرات اور بزنس کمیونٹی کے اشتراک سے ممکن ہوا جبکہ پارکو کی فنڈنگ سے اس نیک عمل کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں ڈویژن کے مختلف اضلاع میں خصوصی بچوں کو ہیرنگ ایڈز فراہم کیے جا رہے ہیں اور اس دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ اصل خوشی دوسروں کی زندگی آسان بنانے میں ہے۔

تقریب کے اختتام پر کمشنر عامر کریم خاں نے اساتذہ، سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن کریم بخش، ڈی او سپیشل ایجوکیشن ذیشان احمد بھی موجود تھے ۔