لاہور، 19 اپریل(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں رات گئے حضوری باغ میں رنگا رنگ کلچرل نائٹ اور عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں سکھ یاتریوں سمیت اعلیٰ حکام اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، عظمیٰ کاردار، کمشنر لاہور مریم خان اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز بھی شریک ہوئے۔تقریب کے دوران سکھ یاتریوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ پنڈال “جو بولے سونہال” اور “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھا جبکہ یاتری ڈھول کی تھاپ پر جھومتے رہے۔ معروف فنکار سلیم البیلا، افتخار ٹھاکر اور جواد وسیم کی مزاحیہ پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔سکھ یاتریوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بھارت اور دیگر ممالک سے آنے والی سکھ سنگت کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے “جی آیا نوں” کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور وزیراعلیٰ کی ہدایات پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات بھی یقینی بنائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلچرل نائٹ کا مقصد سکھ یاتریوں کو پنجاب کی ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان سکھ یاتریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی سے روکنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکھ یاتریوں کو مکمل مذہبی آزادی اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور سکھ برادری کے مقدس مقامات کی بحالی کا عمل بھی ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سکھ یاتریوں کی آمد باعثِ مسرت ہے اور واپسی پر ان کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔ حکومت پاکستان سکھ برادری کے لیے ویزا سہولیات فراہم کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ پاکستان کے دروازے سکھ یاتریوں کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آج سکھ یاتریوں کو لاہور کی سیر کروائی گئی اور انہیں شہر کے تاریخی و ثقافتی ورثے سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یاتری پاکستان سے خوشگوار یادیں لے کر واپس جائیں گے اور دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت، پُرامن اور معتدل تشخص کو اجاگر کریں گے۔











