لودھراں: ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کا سرکاری دفاتر کا اچانک دورہ، کارکردگی کا تفصیلی جائزہ

11

لودھراں،21اپریل(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے مختلف سرکاری اداروں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے محکمہ تعلیم، فوڈ اتھارٹی اور ڈی ایم او دفاتر کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے دفاتر میں سٹاف کی حاضری، صفائی و ستھرائی اور مجموعی ورکنگ کو چیک کیا جبکہ غیر حاضر افسران اور عملے سے وضاحت طلب کر لی گئی۔

اس موقع پر محمد اشرف کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر کے معاملات میں تسلسل لانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ضلعی ہیڈکوارٹرز کو ماڈل اداروں کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ذریعے اعتماد کی بحالی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اچھے اقدامات کی بدولت ادارے کا امیج بہتر ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سروسز ڈیلیوری میں مزید بہتری کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔