ملتان: ایم این ایس یو ای ٹی میں یومِ اقبال پر طلبہ کی آگاہی ریلی کا انعقاد

14

ملتان،21اپریل(اے پی پی): محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (ایم این ایس یو ای ٹی) ملتان میں یومِ اقبال کے موقع پر طلبہ میں شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی سیمینار کے بعد آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر توصیف ایزد، رجسٹرار ڈاکٹر عاصم عمر، بی ایس سی ایس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد سمیت فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔

ریلی کا مقصد مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کے افکار کو اجاگر کرنا اور نوجوان نسل میں اتحاد، اخوت اور قومی یکجہتی کا شعور بیدار کرنا تھا۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اقبال کے اشعار اور قومی یکجہتی کے پیغامات درج تھے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر توصیف ایزد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کے نظریات آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ خودی، علم اور اتحاد کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور ملک کی ترقی و استحکام میں مثبت کردار ادا کریں۔

ریلی یونیورسٹی کیمپس کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی وائس چانسلر آفس پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

دوسری جانب وائس چانسلر نے اعلان کیا کہ ایم این ایس یو ای ٹی کے سینٹر فار پروفیشنل اینڈ ایگزیکٹو ڈیولپمنٹ (CPED) کے تحت “اسٹریٹجک کریکولم ماڈرنائزیشن” کے موضوع پر پانچ روزہ اہم ورکشاپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اس ورکشاپ کی قیادت عالمی شہرت یافتہ ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر وسیم احمد خان کریں گے، جو برطانیہ کی یونیورسٹی آف شیفیلڈ سے پی ایچ ڈی اور 30 سال سے زائد تدریسی و انتظامی تجربہ رکھتے ہیں۔

ورکشاپ میں نصاب کی جدید تشکیل، او بی ای (CLO-PLO میپنگ)، ایس ڈی جیز سے ہم آہنگی اور اعلیٰ تعلیم میں معیار کی بہتری جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔

یہ تربیتی پروگرام 4 مئی سے 8 مئی تک سول ڈیپارٹمنٹ کمپیوٹر لیب میں منعقد ہوگا، جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ کے ساتھ دیگر جامعات کے فیکلٹی ممبران بھی شرکت کر سکیں گے۔