لاہور،21 اپریل( اے پی پی): پنجاب یونیورسٹی میں سندھ اسٹوڈنٹس کلیکٹو کے زیر اہتمام ہولی کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ہندو، مسلم، کرسچن اور سکھ طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور خوشی و یگانگت کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی صوبائی وزیر نے پنجاب یونیورسٹی میں ہولی کی تقریب میں شرکت کی، جو کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقلیت دوست وژن کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں اقلیتوں کے تہوار پہلی بار سرکاری سطح پر بھرپور انداز میں منائے جا رہے ہیں، جن میں کرسمس کو 14 دن اور بیساکھی کو 9 دن تک منایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ وساکھی کے موقع پر پاکستان نے 6 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی میزبانی کی، جس سے دنیا کو پاکستان کا پرامن اور محفوظ تشخص دیکھنے کو ملا۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ہولی کی تقریب میں شرکت کا مقصد اقلیتی طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات سے معاشرے میں برداشت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے۔ تقریب میں چیئرپرسن فلم اینڈ براڈکاسٹنگ ڈیپارٹمنٹ لبنیٰ ظہیر نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ یہ تقریب پنجاب کے پرامن، متنوع اور ہم آہنگ معاشرے کی عکاسی کرتی ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں اس وقت تقریباً 100 ہندو اور سکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں-











