ڈیرہ اسماعیل خان، 09 مئی (اے پی پی):چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کا وقار اور عزت مزید بلند ہوئی ہے اور جو ممالک پہلے پاکستان سے واقف نہیں تھے وہ بھی اب عالمی سطح پر پاکستان کے کردار اور کامیابیوں کی تعریف کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک مقامی شادی ہال میں منعقدہ پاکستان پیپلز پارٹی کی خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سردار فتح اللہ خان میاں خیل، رکن قومی اسمبلی نائمہ کنول اور اراکین صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی، اشبر جدون، مہر سلطانہ اور شازیہ تہماش بھی موجود تھے۔روبینہ خالد نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر کرتے ہیں جنہوں نے گزشتہ سال بھارت کو شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی۔
انہوں نے پارٹی کے سینئر کارکنوں پر زور دیا کہ وہ نئی نسل کو پاکستان پیپلز پارٹی کی قربانیوں اور ملکی خدمات سے آگاہ کریں۔ خواتین کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین اور محروم طبقات کے بااختیار اور خودمختار مستقبل کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ضروری ہے۔خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے روبینہ خالد نے کہا کہ پورا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ خیبرپختونخوا ایک غیر مؤثر حکومت کے باعث مسائل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوریت کا حصہ ہیں لیکن پاکستان کی سالمیت اور قومی مفادات کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار فتح اللہ خان میاں خیل نے قوم کو معرکۂ حق پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو پاکستان پر الزام عائد کرنے کے لیے استعمال کیا لیکن پاکستان نے ایک بار پھر مؤثر انداز میں اپنا دفاع کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو بہتر بنایا۔
انہوں نے آرمی چیف اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران بھی پاکستان نے اپنی سفارتی اور تزویراتی حکمت عملی کے باعث عزت اور وقار حاصل کیا۔سردار فتح اللہ خان میاں خیل نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں چشمہ رائٹ بینک کینال اور گومل یونیورسٹی جیسے بڑے ترقیاتی منصوبے پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت کے کارنامے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا وژن تھا جسے ان کی شہادت کے بعد صدر آصف علی زرداری نے عملی شکل دی۔
رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی نے کہا کہ یہ دن پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے کیونکہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے عزائم ناکام بنا کر ملک کو عالمی سطح پر عزت دلائی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں خواتین پولنگ اسٹیشنز پر پاکستان پیپلز پارٹی کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ حمایت حاصل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ مستحق افراد میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ تقسیم کیے جا چکے ہیں جن کے ذریعے اربوں روپے کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی شازیہ تہماش نے کہا کہ خیبرپختونخوا دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے عوام آئندہ بلدیاتی انتخابات میں صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں۔
رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ نے بھی قوم کو معرکۂ حق پر مبارکباد دی اور کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے غریب خواتین کو مالی معاونت اور باوقار زندگی فراہم کی ہے، جو محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔











