لاہور 9 مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے جمعہ کی رات گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ کیا، جہاں “آپریشن بنیان المرصوص” کی کامیابی اور بھارتی حملے کے منہ توڑ جواب کی یاد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سکھ برادری نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی اور “معرکہ حق” کے ایک سال مکمل ہونے پر جشن منایا گیا۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ برادری کے ہمراہ کیک کاٹا جبکہ ملکی سلامتی، افواجِ پاکستان کی سربلندی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر ننکانہ صاحب کی فضا “پاکستان زندہ باد” اور پاک فوج کے حق میں نعروں سے گونجتی رہی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ “آپریشن بنیان المرصوص” دشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے بھارتی غرور خاک میں ملا کر تاریخ رقم کی اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ “آپریشن بنیان المرصوص” پاکستان کی فتح اور دشمن کی عبرتناک شکست کی علامت ہے، جبکہ سکھ برادری بھی مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ تقریب میں سکھ برادری نے فیلڈ مارشل، وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا اور قومی اتحاد و یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔











