لودھراں ۔ 12 مئی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت کمیٹی روم میں انسدادِ ڈینگی اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری اداروں، دفاتر، نجی و تجارتی مراکز میں ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور ہاٹ سپاٹس کی مسلسل چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے دنیاپور اور کہروڑپکا تحصیلوں میں ڈینگی سرویلنس مزید مؤثر بنانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈینگی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال اور وبائی امراض مسلسل لاپرواہی کے باعث جنم لیتے ہیں، اس لیے تمام افسران اپنے متعلقہ ڈینگی سٹاف کو متحرک رکھیں اور فیلڈ میں عملی اقدامات واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عظیم وقار نے بتایا کہ ضلع لودھراں میں تاحال ڈینگی کا کوئی کنفرم کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی باقاعدگی سے سرویلنس جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران بھی تمام ٹیسٹ کامیاب رہے ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عظیم ریاض اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔











