چین کے وزیرِ صحت سے مصطفیٰ کمال کی ملاقات، صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

4

اسلام آباد، 19 مئی (اے پی پی): جنیوا میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے دوران وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کی سائیڈ لائن ملاقاتوں کے تسلسل میں وفاقی وزیرِ صحت نے چین کے وزیرِ صحت سے ملاقات کی جس میں صحت کے شعبے سمیت دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیرِ صحت نے حالیہ بحران کے دوران چین کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مضبوط اور دیرینہ بنیادوں پر قائم ہے۔ ملاقات کے دوران مصطفیٰ کمال نے تین اہم شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل خام مال اور اے پی آئی کی مقامی پیداوار کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں جبکہ پاکستان میں نفتھا کریکر کے فروغ اور اس کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 80 سے 90 فیصد خام مال درآمد کیا جاتا ہے اور اس عمل کو مؤثر سطح پر پہنچنے میں دو سے تین سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔

وفاقی وزیرِ صحت نے ویکسین کی مشترکہ پیداوار کی تجویز بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈریپ 2027 کے اوائل تک ڈبلیو ایچ او لیول تھری کا درجہ حاصل کر لے گا جس کے بعد پاکستان کی فارماسیوٹیکل مارکیٹ مزید 100 ممالک تک وسعت اختیار کرے گی۔

ترجمان کے مطابق فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اکتوبر 2026 میں چین کے آئندہ دورے سے قبل ان تمام امور کو ادارہ جاتی شکل دی جائے گی۔ پاکستان کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ اور مسٹر عدیل ممتاز، پاکستان مشن جنیوا کو فوکل پرسنز مقرر کیا گیا ہے۔

چین کے وزیرِ صحت نے کہا کہ چین صحت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین فارماسیوٹیکل صنعت، خام مال اور جدید ادویات کی تیاری میں پاکستان کی استعداد بڑھانے کے لیے تعاون کرے گا۔

چینی وزیرِ صحت نے بتایا کہ اکتوبر 2026 میں روایتی طب پر عالمی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں پاکستان کے وفاقی وزیرِ صحت کو باضابطہ طور پر شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ مزید برآں چین کی وزارتِ تعلیم کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے اسکالرشپس میں اضافے کا اعلان بھی کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چین کی جانب سے ون چائنا پالیسی کی حمایت کی درخواست بھی دہرائی گئی جبکہ دونوں وزرا نے پاکستان چین آہنی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔