کمشنرعامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل پرفارمنس ریویو کمیٹی کا اجلاس

8

ملتان،،19 مئی (اے پی پی):کمشنرعامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل پرفارمنس ریویو کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ پراسیکیوشن کی کارکردگی کو باقاعدہ سٹرکچرڈ انداز میں مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاسوں میں ان تمام مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے جن میں سرکاری محکمے مدعی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہانہ درج ہونے والی FIRs، موصولہ چالان، پارشل و مکمل چالان اور زیر التوا چالان کا ضلع وار جائزہ لیا جائے جبکہ ٹرائل شروع ہونے والے مقدمات اور ان کے فیصلوں کی تعداد بھی رپورٹ کا حصہ بنائی جائے۔

اجلاس میں زیر التوا چالانز، انٹرم چالان اور ٹرائل پراسیس پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2024 تک کے تمام زیر التوا چالان عدالتوں میں بھجوانے کی پیش رفت جاری ہے۔ اپریل 2026 کے دوران ضلع ملتان میں 1026 FIRs درج ہوئیں جبکہ 571 چالان پراسیکیوشن کو موصول ہوئے۔ اسی عرصے کے دوران 361 مقدمات کے فیصلے کیے گئے جن میں متعدد کیسز میں سزائیں اور جرمانے عائد کیے گئے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے گورنمنٹ اور پرائیویٹ نوعیت کے مقدمات کا الگ الگ ڈیٹا پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کے مقدمات میں کمزور فالو اپ پر متعلقہ افسران کو طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے پراسیکیوشن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔