صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین کا  داتا دربار اور گورنمنٹ داتا دربار ہسپتال کا دورہ ، مزار پر حاضری اور فاتحہ خوانی

6

لاہور، 22 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین نے داتا دربار اور گورنمنٹ داتا دربار ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حضرت علی بن عثمان ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ صوبائی وزیر نے داتا دربار کے توسیعی منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا جبکہ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان نے منصوبے پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ داتا دربار کا توسیعی منصوبہ جون 2027 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ چوہدری شافع حسین نے منصوبے پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی، صفائی اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

 انہوں نے کہا کہ داتا دربار پر روزانہ ہزاروں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں، اس لیے زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی اصلاحات کے باعث درباروں کے کیش باکسز کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ محکمہ اوقاف میں ڈیجیٹائزیشن، مزارات و مساجد کی تزئین و آرائش اور بادشاہی مسجد میں تبرکات مقدسات گیلری کی اپ گریڈیشن جیسے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے مزار اقبال کے ساتھ قائم میوزیم اور لائبریری کی اپ گریڈیشن کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ محکمہ اوقاف کے اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے گورنمنٹ داتا دربار ہسپتال کا دورہ کیا، مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔ مریضوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ داتا دربار ہسپتال کو لاہور کا بہترین ہسپتال بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ہسپتال کے امور میں بہتری کے لیے بورڈ قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایم ایس ڈاکٹر لطیف اور ہسپتال انتظامیہ نے صوبائی وزیر کو ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات اور جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔