ملتان، 04 جون (اے پی پی): سیکرٹری پراسیکیوشن پنجاب سلمان غنی نے ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن آفس ملتان کا دورہ کیا اور پراسیکیوشن افسران سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر امتیاز رسول چیمہ نے انہیں ادارے کی کارکردگی، جاری مقدمات اور عوامی خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
سیکرٹری پراسیکیوشن سلمان غنی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق عوام کو بروقت اور مؤثر انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کو مفت قانونی معاونت کی فراہمی حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی کے ذریعے ضرورت مند شہریوں کو قانونی امداد یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فوجداری اور فیملی مقدمات میں مستحق افراد کو مکمل قانونی معاونت فراہم کی جائے تاکہ انصاف تک رسائی مزید آسان بنائی جا سکے ۔ سلمان غنی نے کہا کہ پراسیکیوشن نظام کی بہتری، افسران کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں پراسیکیوشن دفاتر اور دستیاب سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ عوام کو فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی کے لیے پراسیکیوشن کے کردار کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
دورے کے اختتام پر سیکرٹری پراسیکیوشن نے پراسیکیوشن افسران کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مزید محنت اور بہتری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔











