اقوام متحدہ،19 جون ( اے پی پی): سفیر عثمان جدون کا کہنا ہے کہ لیبیا میں پائیدار امن اور استحکام کا حصول صرف ایک جامع، لیبیائی قیادت اور ملکیت پر مبنی سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
پاکستان نے لیبیا میں لیبیائی قیادت اور ملکیت پر مبنی سیاسی عمل کے لیے اپنی مضبوط حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسے ملک میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کا واحد قابلِ عمل راستہ قرار دیا ہے۔
پاکستان نے لیبیا میں اقوامِ متحدہ کے معاونتی مشن (UNSMIL)
کی جانب سے لیبیائی فریقین کے درمیان مکالمے اور مفاہمت کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کا بھی خیرمقدم کیا۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں لیبیا سے متعلق بریفنگ کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے امید ظاہر کی کہ انتخابی انتظامات سے متعلق حالیہ مشاورت اور اسٹرکچرڈ ڈائیلاگ کے عمل سے سامنے آنے والی سفارشات اتفاقِ رائے کے فروغ، قومی اداروں کے اتحادِ نو اور قومی مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
نائب مستقل مندوب نے سیاسی، سلامتی، اقتصادی اور عدالتی شعبوں میں لیبیائی فریقین کے درمیان مسلسل روابط اور تعمیری شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مشرقی اور مغربی لیبیا کی سکیورٹی اداروں کے درمیان اعتماد سازی کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے استحکام کے تحفظ اور متحدہ قومی اداروں کے قیام کے لیے جاری کوششوں کی حوصلہ افزائی کی۔
اقتصادی استحکام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر عثمان جدون نے 2026 کے لیے متفقہ اخراجاتی فریم ورک پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مالیاتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے اور لیبیا کی طویل المدتی ترقی کی بنیاد مضبوط ہو۔ انہوں نے قانون کی حکمرانی، عدالتی وحدت کے تحفظ اور آئینی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کی بھی حمایت کا اعادہ کیا۔
سفیر عثمان جدون نے لیبیا کے منجمد اثاثوں کے تحفظ اور انہیں لیبیائی عوام کے مفاد کے لیے محفوظ رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور اس ضمن میں سلامتی کونسل کے متعلقہ اقدامات پر بروقت عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔
لیبیا کے ایک مستحکم، محفوظ اور متحد مستقبل کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان لیبیائی قیادت اور ملکیت پر مبنی ایسے سیاسی عمل کی حمایت میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا جو ملک میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے۔











