صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد

8

لاہور 15جولائی ( اے پی پی )صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ۔محکمہ اوقاف کی ڈیجیٹائز یشن، اوقاف اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرانے، بڑے مزارات کی آن لائن مانیٹرنگ اور دیگر امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محکمہ اوقاف کو ہرقسم کی کرپشن سے پاک کرنے کیلئے اس کی ڈیجیٹائز یشن آخری مراحل میں ہے،ڈیجیٹائز یشن کا عمل آئندہ دو ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا،اس کا افتتاح ماہ اگست کے پہلے ہفتے میں ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی تمام زرعی اور کمرشل اراضی کی میپنگ اور جیو ٹیگنگ کرلی گئی ہے اب اوقاف آرگنائزیشن کی زرعی اور کمرشل اراضی کے رینٹ کی وصولی آن لائن ہوگی محکمہ اوقاف نے تمام امور کی ڈیجیٹائز یشن کرکے اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے اوقاف کی ہزاروں ایکڑ اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کا ایکشن پلان بھی بنالیا گیا ہے قبضہ مافیا سے اوقاف کی اراضی واگزار کرانے کیلئے جلد بھرپور کریک ڈاؤن شروع ہوگا ۔ قبضہ مافیا کے پاس اوقاف کی اراضی کا ایک آنچ بھی رہنے نہیں دیں گے واگزار کرائی گئی اراضی کو زرعی مقاصد کیلئے استعمال میں لانے کے کی منصوبہ بندی بھی کرلی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی بنایا گیا ہے ابتدائی طور پر 15بڑے مزارات کی  آس سینٹر کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے محکمہ میں نتیجہ خیز اصلاحات کی ہیں،سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے محکمہ کی ڈیجیٹائز یشن، اصلاحات اور دیگر امور بارے تفصیلی بریفننگ دی ۔