اسلام آباد،04ستمبر(اے پی پی): وزیراعظم کی بین الصوبائی رابطہ امور کی کوآرڈینیٹر سیدہ مہرین ساجد نے کہا ہے کہ عزم، حوصلے اور جذبے سے مشکلات کا سامنا کرنے والے باصلاحیت افراد ہم سب کے لیے فخر اور حوصلے کی مثال ہیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عطاء، حسین اور رضا کی جانب سے پیش کیا جانے والا پروگرام اپنی نوعیت کی منفرد کاوش ہے، جس کے تحت پہلی مرتبہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں 60 فٹ طویل قومی پرچم لہرایا گیا ہے۔
سیدہ مہرین ساجد نے کہا کہ وہ اس پروگرام کا حصہ ہیں اور عوام سے اپیل کرتی ہیں کہ اس مثبت اور حوصلہ افزا اقدام کا ساتھ دیں اور اسے کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کا آغاز ستمبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد سے ہوگا اور یہ سفر 23 مارچ سے قبل دوبارہ اسلام آباد پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ باہمت افراد ہمیں سکھاتے ہیں کہ حقیقی کامیابی ہمت، جذبے، عزم اور محنت کا نام ہے۔ زندگی میں آنے والی مشکلات انسان کا راستہ تبدیل کر سکتی ہیں، لیکن منزل نہیں۔ اپنی مشکلات کو اپنی کمزوری نہیں بلکہ حوصلے کی سواری بنائیں۔











