ملتان ,05 ستمبر )اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ ملتان نے جعلی، غیر معیاری اور غیر قانونی کھاد تیار کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت کے ہمراہ وہاب کاٹن فیکٹری پر اچانک چھاپہ مارا۔کارروائی کے دوران فیکٹری میں غیر قانونی طور پر کھاد تیار کیے جانے کا انکشاف ہوا، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کھاد کی تیاری میں استعمال ہونے والا تمام میٹریل قبضے میں لے لیا جبکہ فیکٹری کو موقع پر سیل کردیا گیا۔فیکٹری انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ غیر معیاری اور غیر قانونی کھاد کی تیاری و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور غیر قانونی کھاد کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند نے کہا کہ غیر قانونی کھاد کی تیاری اور فروخت کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔











