ملتان,05 ستمبر )اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن، قواعد و ضوابط پر عملدرآمد، فیسوں اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے تمام نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز پر پورا نہ اترنے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ خلاف ورزی کے مرتکب نجی سکولز کو سربمہر کرنے کے ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کئے جائیں۔انہوں نے بغیر این او سی چلنے والے سکولز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ڈاکٹر فیصل سلیم نے نجی سکولز میں فیسوں اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی انسپکشن کے لیے خصوصی چیکنگ کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول، محفوظ تعلیمی ادارے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ نجی تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے گا۔











