ملتان میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ریجنل آفس و فسیلیٹیشن سنٹر کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

2

ملتان، 7 اکتوبر(اے پی پی) پنجاب پبلک سروس کمیشن(پی پی ایس سی) کے ریجنل آفس اور فسیلیٹیشن سنٹر ملتان کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز، ہلالِ امتیاز (ملٹری) (ر) نے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔ سنگِ بنیاد کی اس پروقار تقریب میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم اور ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن ڈاکٹر ارشاد احمد سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔

یہ ریجنل آفس اور فسیلیٹیشن سنٹر 9 کنال ایک مرلہ رقبے پر تعمیر کیا جائے گا، جس کا مجموعی رقبہ 112,688 مربع فٹ ہوگا، جبکہ 40,710 مربع فٹ رقبہ مستقبل میں توسیع کے لیے خصوصی طور پر مختص رکھا گیا ہے۔ اس منصوبے کی منظور شدہ لاگت 964.983 ملین روپے ہے، جسے 24 ماہ کی مدت میں یعنی مارچ 2028ء تک مکمل کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والے اس ریجنل آفس میں چیئرمین اور ممبران کے دفاتر، دیگر افسران کے دفاتر، جدید امتحانی ہال، کانفرنس ہال اور تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ عمارت میں دو جدید لفٹس، فائر فائٹنگ سسٹم، سی سی ٹی وی کیمرے، ایڈوانسڈ نیٹ ورکنگ اور سکیورٹی کا مربوط نظام بھی شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے اس ریجنل آفس کی تعمیر کے لیے سائٹ 3 اکتوبر کو حوالے کر دی گئی تھی، جس کے فورا بعد کنٹریکٹر نے منصوبے پر موبلائزیشن (تعمیراتی عمل کے آغاز) کا آغاز کر دیا۔ اس ریجنل آفس کے قیام سے جنوبی پنجاب کے ہزاروں امیدواروں کو پی پی ایس سی سے متعلقہ امتحانات، انٹرویوز اور دیگر امور کی سہولیات تک بہتر، آسان اور فوری رسائی میسر آئے گی۔