لاہور (28 اکتوبر): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت رواں سال اجتماعی شادیوں کی تقریبات کا آغاز 12 نومبر کو لاہور سے ہوگا، جبکہ مالی سال 2026-27 کے دوران صوبے بھر میں 5 ہزار مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت دھی رانی پروگرام کی صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی کے دسویں اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال پروگرام کے لیے آن لائن پورٹل اور ’’مریم کو بتائیں‘‘ موبائل ایپ کے ذریعے 25 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے ساڑھے 7 ہزار سے زائد درخواستوں کی تحصیل کی سطح پر تصدیق مکمل کی جا چکی ہے۔
اجلاس میں موصولہ درخواستوں کی جانچ پڑتال، مستحق جوڑوں کے انتخاب، صوبے کے تمام اضلاع میں تقریبات کے انعقاد اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ مالی سال 2026-27 کے دوران پروگرام کی تقریبات کے لیے مجوزہ کیلنڈر بھی پیش کیا گیا۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ تمام انتظامات مقررہ معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے فلاحی وژن کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد معاشی مشکلات سے دوچار خاندانوں کی مدد کرنا اور مستحق بچیوں کو عزت و وقار کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا پروگرام معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے لیے عملی سہارا ہے اور سماجی تحفظ، مساوات اور باہمی ہمدردی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پروگرام کے ہر مرحلے پر شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ اجتماعی شادیوں کی تقریبات میں مستحق جوڑوں اور ان کے اہل خانہ کی سہولت، عزتِ نفس اور مہمان نوازی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
دھی رانی پروگرام کے تحت یتیم، نادار، بے سہارا اور دیگر مستحق بچیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس پروگرام سے سکھ، ہندو اور مسیحی سمیت اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی مستحق بچیاں بھی مستفید ہو رہی ہیں۔ڈویژنل کمشنرز نے اپنے متعلقہ ڈویژنز میں پروگرام کی تیاریوں اور انتظامی امور کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور تقریبات کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ثمن رائے، سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سائرہ عمر، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔











