وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس کے نو منتخب صدر علی حسام کی ملاقات،تاجر برادری کی فلاح و بہبود، صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ   پر تبادلہ خیال

13

لاہور، 29 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر علی حسام نے ملاقات کی، جس میں تاجر برادری کی فلاح و بہبود، صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں خواجہ شاہزیب اکرم اور خواجہ وسیم افضل بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور چیمبر آف کامرس کے نو منتخب صدر علی حسام کو مبارکباد دی اور کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو کاروبار دوست صوبہ بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ای بزنس نظام متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ صنعتی ترقی کی راہ میں سرخ فیتے کی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔

ملاقات کے دوران لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے کاروباری برادری سے متعلق تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے قابلِ عمل تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم پنجاب میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

خواجہ شاہزیب اکرم نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف دن رات محنت کرکے پنجاب کو ایک مثالی صوبہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔