قصور میں خواتین کے لیے مفت شناختی کارڈ کی خصوصی مہم کا افتتاح، مہم یکم نومبر سے شروع ہوگی

6

قصور,31 اکتوبر (اے پی پی): چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی ہدایت پر ضلع قصور میں خواتین کے لیے مفت قومی شناختی کارڈ بنانے کی خصوصی مہم کا افتتاح کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق خواتین کو مفت شناختی کارڈ فراہم کرنے کی یہ خصوصی مہم یکم نومبر سے شروع ہوگی جس کا باقاعدہ افتتاح آج کیا گیا۔افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں، رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں اور صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد رشید سمیت مختلف محکموں کے افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے کہا کہ ضلع بھر میں شناختی کارڈ سے محروم خواتین کو مفت قومی شناختی کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی سہولت کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور قریبی مراکز پر رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع قصور کی چاروں تحصیلوں قصور، پتوکی، چونیاں اور کوٹ رادھا کشن میں خواتین کے لیے تقریباً 100 خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔ شناختی کارڈ ہر شہری کی بنیادی شناخت اور قومی و جمہوری حقوق تک رسائی کا اہم ذریعہ ہے۔وفاقی وزیر مملکت نے خواتین کو قومی شناختی کارڈ کی فراہمی کے لیے الیکشن کمیشن کی اس خصوصی مہم کا خیرمقدم بھی کیا۔تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں، صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد رشید نے بھی خطاب کیا۔