ملتان ، 2 نومبر( اے پی پی): ضلعی انتظامیہ ملتان نے شہریوں کی صفائی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے میگا آپریشن کلیننگ شروع کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اضافی مشینری اور عملہ ہائر کر لیا گیا ہے، جبکہ شہر کے رہائشی علاقوں اور کمرشل مقامات کو زیرو ویسٹ کرنے کا ٹاسک بھی سونپ دیا گیا ہے۔ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عمران منیر نے مختلف علاقوں میں صفائی آپریشن کی اچانک فیلڈ چیکنگ کی۔
؎ اس موقع پر انہوں نے کمپنی کی مشینری کا معائنہ کیا اور عملہ صفائی کی حاضری بھی چیک کی۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان کی تینوں تحصیلوں میں سیلف آپریشن کے ذریعے صفائی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہر میں صفائی کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔
عمران منیر کے مطابق جدید آئی ٹی سسٹم کے تحت عملہ صفائی اور مشینری کی ٹریکنگ اور مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف بازاروں میں نئے ویسٹ کنٹینرز اور ڈرم بھی رکھے جا رہے ہیں تاکہ کوڑا کرکٹ کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگایا جا سکے۔
ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی سے متعلق شکایات کے اندراج اور فوری ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے فیلڈ میں آپریشن کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے.











