  سول سروس اکیڈمی کے زیرِ تربیت افسران کا جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا دورہ،  ایڈیشنل چیف سیکریٹری فواد ہاشم ربانی سے ملاقات

2

ملتان، 3 نومبر(اے پی پی):سول سروس اکیڈمی لاہور کے 54ویں کامن کے زیرِ تربیت 10 افسران پر مشتمل وفد نے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا دورہ کیا اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ملاقات کی۔ ایڈیشنل سیکریٹری ظہور حسین بھٹہ نے اسسٹنٹ کمشنر صدر ملتان ازکیٰ سحر اور دیگر افسران کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی کی ہدایات پر سپیشل سیکریٹری محکمہ زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی نے وفد کو جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام کے اغراض و مقاصد، انتظامی امور اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سول سروس اکیڈمی احتشام احمد بھی موجود تھے۔

سپیشل سیکریٹری سرفراز حسین مگسی نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی اور گڈ گورننس کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کی عمارت کا 65 فیصد، جبکہ سرکاری رہائش گاہوں کا 100 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری فواد ہاشم ربانی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ جنوبی پنجاب میں “زیرو آؤٹ آف اسکول چلڈرن” مہم کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مظفر گڑھ میں شرمپ فارمنگ (جھینگا پالن) کے ماڈل پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے اس شعبے کے فروغ کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینکس، وزیراعلیٰ پنجاب کلینکس آن ویلز اور فیلڈ ہسپتالوں کے ذریعے دور دراز علاقوں کے عوام کو مؤثر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ٹرانسجینڈر اسکولز، اسکولز اولمپک گیمز، ہاکی لیگ اور اسٹوڈنٹ کونسلز کا قیام بھی جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قابلِ فخر اقدامات میں شامل ہیں۔

فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے پہاڑی، صحرائی اور میدانی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ سرکاری امور کو بروقت اور شفاف انداز میں نمٹانے کے لیے الیکٹرانک فائلنگ اور آفس آٹومیشن سسٹم کا آغاز بھی جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ سے کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا جس میں زیرِ تربیت افسران نے مختلف امور سے متعلق سوالات کیے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سول سروس اکیڈمی اور کورس کوآرڈینیٹرز نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب کو اعزازی شیلڈ پیش کی، جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے بھی ڈپٹی ڈائریکٹر سول سروس اکیڈمی کو یادگاری شیلڈ و سووینئر پیش کیے اور روایتی سرائیکی اجرک پہنائی۔