حب پولیس نے اندھے قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ چار گھنٹوں میں حل کر کے مرکزی ملزم گرفتار کر لیا، آلہ قتل بھی برآمد

0

 کوئٹہ:(اے پی پی ) ڈسٹرکٹ پولیس حب نے فوری اور مثر کارروائی کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن حب کے ملازم نیک محمد کے اندھے قتل اور ڈکیتی کے مقدمے کا چار گھنٹوں کے اندر سراغ لگا کر مرکزی ملزم صابر مگسی کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق نیک محمد کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد حب پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تفتیشی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے کارروائی شروع کی اور چند گھنٹوں میں مرکزی ملزم تک رسائی حاصل کرکے اسے گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کرلیا ہے، جبکہ ملزم کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پسٹل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ برآمد شدہ اسلحہ فرانزک معائنے کے لیے فارنزک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) بھجوا دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق پریڈ کے دوران عینی شاہدین نے بھی گرفتار ملزم کی شناخت کرلی ہے، جبکہ واردات میں ملوث دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ مقتول کا موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کی برآمدگی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں ۔

حب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور مقدمے کی مزید تفتیش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں ۔ پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک سنگین اور اندھے قتل کا مقدمہ محض چار گھنٹوں میں ٹریس کرنا اہم پیش رفت ہے۔