صوبے کے تمام بس اڈوں میں جراثیم کش سپرے کا عمل شروع کردیا گیا ہے: ڈاکٹر خطیراحمد

135

پشاور، 18مئی(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیراحمد نے کہا کہ صوبائی حکومت کے احکامات پر ٹرانسپورٹ بحالی کے بعد ریسکیو1122 نے صوبے بھر کے 26 اضلاع میں خصوصی جراثیم کش سپرے شروع کردیا ہے جس کے دوران ریسکیو1122 مختلف اڈوں میں جراثیم کش سپرے کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122 نے 17 مارچ سے اب تک تقریباً 5 ہزار سے زائد کلورین، بلیچ اور کیمیکلز استعمال کرکے صوبے بھر میں سپرے کیا۔ اس سلسلے میں آج پشاور کے تمام اڈوں میں جراثیم کش سپرے کیا گیا جسکا مقصد مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے جبکہ جراثیم کش سپرے سے مسافروں کے ساتھ ساتھ ان کے اہل و عیال کو بھی تحفظ فراہم ہوگا۔
ڈاکٹر خطیر احمد نے بتایا کہ ریسکیو 1122پشاور میں رش والے مقامات اور اندرون شہر میں روانہ سپرے کررہاہے اور ریسکیو 1122 کورونا وائرس سے بچاؤ، تدارک اور آگاہی کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں لیکن یہ تمام تر کوششیں عوام الناس کے تعاون سے ہی کامیاب ہو سکتی ہیں اگر عوام حکومت کی جانب سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عمل کریں۔
صائمہ حیات،فاروق