محکمہ خوراک پشاور نے مردہ بھینس اور لاغر جانور قصابوں کو سپلائی کرنیوالا گروہ گرفتار کرلیا۔ 

99

پشاور، 10 فروری(اے پی پی): محکمہ خوراک نے مردہ بھینسیں اور لاغر جانور قصابوں کو سپلائی کرنیوالا گروہ گرفتار کر کے مال ضبط کرکے ملزم کو جیل بھیج دیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور واجد علی نے خفیہ اطلاع پر بمقام چمکنی جی ٹی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے گٹو گاڑی کو روکا جس میں مردہ بھینس اور دو لاغر جانور پائے گئے جس کو چوک یادگار قصاب خانے میں فضل قصاب کو سپلائی کیا جا رہا تھا جس پر مویشیوں کو قبضے میں لے لیا گیا اور ملزم کو جیل بھیج دیا۔

 وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے محکمہ خوراک کے افسران کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی نہیں کرنے دینگے جبکہ مردہ جانوروں کی گوشت سپلائی کرنیوالے گروہ کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران ایسے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کریں اور کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور صاف ستھری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔