سکھر : ڈاکٹروں پر بڑھتے ہوئے حملوں اور تشدد کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ

108

سکھر۔یکم مارچ ( اے پی پی ): گرینڈ ہیلتھ الائنس سکھر کے زیر اہتمام ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اسٹاف ، نرسنگ اسٹاف، آپکا کارکنان نے سکھر میں ڈاکٹروں پر بڑھتے ہوئے حملوں اور تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرہ اور ریلی جی ایم سی میڈیکل کالج سکھر سے نکالی گئی ۔ مظاہرے کی قیادت ڈاکٹر سید افتخار شاہ ، ڈاکٹرز ذوالفقار علی سومرو ، ڈاکٹر پربھو مل، ہندو پنچائت کے مکھی ایشور لعل ، ریاض بھیو ، ذولفقار مہر ،لالہ اشفاق پٹھان ، ڈاکٹر سریش کمار سمیت دیگر کر رہے تھے ۔

 بعد ازیں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب واقعات کے خلاف پرہجوم پریس کانفرنس بھی کی گئی ، مظاہرے اور پریس کانفرنس کے دوران گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سندھ حکومت ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل پر ہونے والے تشدد کے واقعات کی روک تھام میں ناکام نظر آتی ہے ۔

گذشتہ روز سکھر کے دو نامور ، سینئر ڈاکٹرز ذوالفقار سومرو اور پربھو مل پر حملہ کیا گیا اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی لیکن اطلاع کے باوجود سکھر انتظامیہ بلخصوص پولیس نے ابتک ملوث ملزمان کے خلاف صرف مقدمہ درج کرنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں کیا ،حکومت کو چاہیے کہ ہمیں ہیلتھ کے تحت تحفظ فراہم کریں ہمارا احتجاج پر امن احتجاج ہے اور ہمارے تمام مطالباتجائزیں اگرہمارے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تومجبوراً ہمیں احتجاج کا دائرہ بڑھاتے ہوئے مزید قدم اٹھانا پڑیگا۔