ملتان :انٹر نیشنل سول ڈیفنس ڈے کے موقع پر ریلی کا  اہتما م، سینکڑوں رضا کاروں  کی شرکت

63

ملتان، یکم مارچ)اے پی پی): انٹر نیشنل سول ڈیفنس ڈے کے موقع پر محکمہ سول ڈیفنس کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی،ریلی باب قاسم سے شروع ہو کر چوک کچہری پراختتام پذیر ہوئی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کا کہنا تھا  کہ اندرونی اور بیرونی ناگہانی آفات سے نبردآزما ہونے کے لئے ہر شہری کے لئے سول ڈیفنس کی تربیت ضروری ہے ، مضبوط شہری دفاع مضبوط معیشت کی ضمانت ہے۔

عامر خٹک نے کہا کہ جب بھی سول ڈیفنس کی خدمات طلب کی گئیں،رضا کاروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گزشتہ سال ملتان میں قائم کورنٹائن سنٹر میں سول ڈیفنس کی خدمات کو سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا جب پوری دنیا کرونا وباء کا خوف مبتلا تھا،سول ڈیفنس کے رضا کورونا مریضوں کو کھانے پیش کر رہے تھے۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہاکہ  خریداری گندم، کفالت سنٹرز،تجاوزات کے خاتمے اور قبضہ مافیہ کے خلاف سول ڈیفنس کے رضا کار کا کردار ناقابل فراموش ہے اور لاہور اور فیصل آباد کی طرح ضلع ملتان میں بھی سول ڈیفنس کے رضاکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے ریلی کے اختتام پر سول ڈیفنس رجسٹریشن کیمپ کا افتتاح بھی کیا ، اس موقع پر  کیک بھی کاٹا گیاجبکہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے بطور سول ڈیفنس رضا کار رجسٹریشن فارم پر دستخط کئے، اے سی سٹی عابدہ فرید اور سی ایس او شبانہ سیف نے بھی رضاکار کے طور رجسٹریشن کرائی۔